لکھنؤ،26جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ا یس انڈیا)آرمی چیف جنرل بپن راوت پرقابل اعتراض تبصرہ کرنے کے معاملے میں دہلی کی سابق وزیراعلیٰ شیلا دکشت کے بیٹے سندیپ دیکشت کے خلاف ایف آئی آردرج کی گئی ہے۔کچھ دن پہلے کانگریس لیڈر سندیپ دکشت نے فوج کے سربراہ کو گلی کاغنڈا کہا تھا۔دکشت نے کہا تھا کہ پاکستان نازیباحرکتیں کرے اور بیان بازی ہی کر سکتا ہے، لیکن اگر ہمارے فوجی سربراہ جب سڑک کے غنڈے کی طرح بولتے ہیں، تو خراب لگتاہے۔اس بیان کے بعد سے بی جے پی نے ان کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔معاملے میں اب لکھنؤ کے حسین گنج تھانے میں سندیپ دکشت کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔اس سے پہلے مرکزی وزیر داخلہ کرن رججو اور مرکزی وزیر گری راج نے سندیپ دکشت کے اس بیان کی شدید تنقید کی تھی،اگرچہ بیان دینے کے تھوڑی دیر بعد ہی دکشت نے معافی بھی مانگ لی تھی۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے بھی دکشت کے بیان کوغلط بتایا تھا۔کانگریس لیڈر دکشت نے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ میں مانتا ہوں کہ میں نے جو کہا ہے، وہ غلط ہے،لہٰذامعافی مانگتا ہوں اور اپنا بیان واپس لیتا ہوں۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں پتھربازوں سے بچاؤ کے لئے میجر للت گگوئی نے ہیومن شیلڈ کے طور پر ایک شہری کو جیپ کی بونٹ پر باندھا تھا۔اس کے بعد میجر کے ایکشن کو لے کر سیاسی گلیاروں میں سوال جواب کا دور شروع ہو گیا تھا۔فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے میجر گوگوئی کے عمل کی حمایت کی اور کہا کہ جموں وکشمیرمیں لڑے جا رہے گندی جنگ میں جوانوں کو انتظار کرنے اور مرنے کے لئے نہیں کہہ سکتا۔مرکزی حکومت اور بی جے پی نے بھی آرمی چیف اور میجر گگوئی کی حمایت کی،اگرچہ اپوزیشن جماعتوں اور لیڈروں نے میجر گوگوئی کے ایکشن پر سوال اٹھائے۔